ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے واشنگٹن میں ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کی منصوبہ بندی کے دعوے بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے ایران کے ڈیموں کو میزائل اڈوں سے منسلک کرنے کے الزامات کی بھی مذمت کی اور انہیں منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ قرار دیا۔ ان کے مطابق اس مہم کا مقصد شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے لیے سکیورٹی سے متعلق جواز تیار کرنا ہے۔

واضح رہے کہ سی این این کی ایک رپورٹ میں امریکی انٹیلی جنس اداروں کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے منصوبے تیار کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان مبینہ منصوبوں میں واشنگٹن ڈی سی میں ڈرٹی بم دھماکا یا کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ بھی شامل ہو سکتا ہے۔

تاہم ایرانی وزارت خارجہ نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملوں کے دوران متعدد آبی ذخائر اور پانی صاف کرنے کے مراکز کو نشانہ بنایا تھا۔

ان کے مطابق متاثرہ مقامات میں صوبہ مرکزی کے علاقے خمین، خوزستان کے علاقے ہفتکل اور صوبہ ہرمزگان کے علاقے سیریک میں واقع بمانی کے آبی ذخائر شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قشم جزیرے، صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقوں نیک شہر اور تیس جبکہ جاسک کے گاؤں بنجی میں پانی صاف کرنے کی تنصیبات بھی حملوں کا نشانہ بنیں۔

ایرانی ترجمان کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں شہری آبادیوں اور رہائشی علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی یا مکمل طور پر منقطع ہوگئی۔

اسماعیل بقائی نے اس مؤقف کو بھی مسترد کیا کہ فوجی تنصیبات کے قریب واقع شہری بنیادی ڈھانچے کو جائز فوجی ہدف قرار دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ شہری تنصیبات اور فوجی مراکز کے درمیان جغرافیائی قربت کو حملوں کا جواز قرار دینا قابلِ اعتبار دلیل نہیں اور نہ ہی اس دعوے کے حق میں ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں ایران کے آبی بنیادی ڈھانچے اور فوجی تنصیبات کے درمیان ممکنہ تعلق کا جائزہ لیا تھا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے بعض ڈیم اور پانی کی منتقلی کے منصوبے زیرِ زمین میزائل تنصیبات کو پانی اور بجلی فراہم کرنے کے لیے تعمیر کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں متعدد ماہرین کی آرا کا حوالہ دیتے ہوئے اس امکان کا ذکر کیا گیا تھا تاہم ان منصوبوں اور میزائل تنصیبات کے درمیان تعلق ثابت کرنے کے لیے کوئی حتمی شواہد پیش نہیں کیے گئے تھے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایسے الزامات کا مقصد شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں کو جائز ثابت کرنا اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کے لیے جواز فراہم کرنا ہے۔

جنیوا کنونشن کا حوالہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جنیوا کنونشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیموں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو جنگ کے دوران خصوصی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔

جنیوا کنونشن کے اضافی پروٹوکول اول کے آرٹیکل 56 کے تحت ڈیموں سمیت ایسی تنصیبات کو خصوصی تحفظ حاصل ہے جن پر حملوں سے خطرناک مادوں کا اخراج اور شہری آبادی کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیویارک ٹائمز اور سی این این کی جانب سے غیر حقیقی دعوے اور من گھڑت کہانیاں پیش کرنے کا مقصد ایران پر مزید حملوں کے لیے ماحول بنانا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور وہ جانتا ہے کہ ایسی کارروائی کا جواب کس طرح دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس صورتحال کے نتائج صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری انسانیت کو متاثر کر سکتے ہیں۔