وفاقی ایوی ایشن انتظامیہ (ایف اے اے) کے مطابق بمبارڈیئر ساختہ لئیر جیٹ 60 نے ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز کی تھی اور اسے بہاماس کے نارتھ ایلیوتھیرا ایئرپورٹ پہنچنا تھا۔ تاہم طیارہ پام بیچ کاؤنٹی کے علاقے لیک ورتھ بیچ میں ایک سڑک کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے جائے حادثہ کے قریب پریس کانفرنس کرتے ہوئے واقعے کو بڑا سانحہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طیارہ میزائل کی طرح زمین کی طرف آیا اور زور دار دھماکے کے باعث اس کا ملبہ دور دور تک پھیل گیا۔ حادثے کے مقام پر سڑک کے قریب ایک گہرا گڑھا بھی پڑ گیا۔

پام بیچ کاؤنٹی کے حکام کے مطابق حادثے کے بعد علاقے سے تقریباً 600 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ متاثرہ شہریوں کے لیے دو پناہ گاہیں قائم کی گئیں۔ حادثے کے وقت علاقے میں شدید بارش، گرج چمک اور طوفانی موسم تھا۔

فضائی ٹریفک کنٹرول کی آڈیو ریکارڈنگ کے مطابق حادثے سے کچھ دیر پہلے پائلٹ نے شدید فضائی ہنگامہ خیزی اور طیارے پر برف جمنے کی اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ تیزی سے نیچے آ رہا ہے اور اس کے گرنے کی رفتار 10 ہزار فٹ فی منٹ تک پہنچ گئی ہے۔

ریکارڈنگ کے مطابق پائلٹ نے بعد ازاں طیارے کے ہنگامی حالت میں ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ زمین سے ٹکرانے والا ہے۔ آخری لمحات میں کاک پٹ سے یہ الفاظ بھی سنائی دیے کہ اب وقت ختم ہوچکا ہے۔

پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارے کے نیچے آنے کی عمودی رفتار ایک موقع پر 32 ہزار فٹ فی منٹ سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔

امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ طیارہ ساز کمپنی بمبارڈیئر نے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔