غزہ کی ریسکیو سروس نے اتوار کو بتایا کہ ایک روز قبل شروع ہونے والی شدید بارشوں کے بعد ایک واقعے میں 5 افراد، جن میں 3 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، شہید ہوگئے۔

غزہ کی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ وسطی غزہ کی پٹی میں دیر البلح کے جنوب میں واقع ایک پناہ گاہ میں، جہاں بے گھر افراد مقیم تھے، ریت کا تودہ خیموں پر آ گرا۔

انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں جائے وقوعہ پر درجنوں افراد کو دیکھا جاسکتا ہے، جہاں بعض لوگ پتھر کی ایک بڑی سلیب اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، جب کہ دیگر بیلچوں کی مدد سے اس کے نیچے کھدائی میں مصروف ہیں۔

غزہ کے شہری دفاع نے بے گھر افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارش کے دوران خیمے نہ لگائیں اور نہ ہی ریت کے تودوں یا مٹی کے اونچے ڈھیروں کے قریب رہیں، کیونکہ یہ ان کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔ ادارے نے انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے ضروری آلات اور سامان فراہم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والی شدید بارشوں کے باعث تباہ حال غزہ میں بے گھر افراد کے ہزاروں خیمے پانی میں ڈوب گئے، جس کے نتیجے میں وہ سر چھپانے کی جگہ سے محروم ہوگئے۔

حکومتی میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا کہ بارش کے پہلے ہی روز تقریباً 70 ہزار خیمے پانی میں ڈوب گئے، جن میں ہزاروں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں درجنوں کمزور دیواریں اور چھتیں گر گئیں، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی شب وسطی غزہ میں بے گھر خاندانوں کے لیے قائم ایک کیمپ میں پیش آیا۔ شہید ہونے والوں میں 2 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جب کہ واقعے کے بعد 5 زخمیوں کو بھی ملبے سے نکالا گیا۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں تقریباً 80 فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہوچکی ہیں۔ غزہ کے 19 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں، جن میں سے کئی متعدد بار نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جبکہ 12 لاکھ افراد اس وقت خیموں یا عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں انسانی صورتحال بدستور سنگین ہے۔ اسرائیلی فضائی حملے اور دیگر کارروائیاں تاحال گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، جس سے جانی و مالی نقصان کے ساتھ ساتھ مزید نقل مکانی بھی جاری ہے۔