انہوں نے کہا ہے کہ ہم عزت اور احترام کے ساتھ بات چیت کرکے معاملہ ختم کر سکتے ہیں۔ ہم بات چیت اور مذاکرات کرنے والے لوگ ہیں اور منطق کا تقاضا ہے کہ اگر ہم مذاکرات کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں تو خود کو جنگ میں نہیں جھونکنا چاہیے۔

تاہم پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران طاقت کے استعمال یا دھونس کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔

ایرانی صدر کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان تنازع مزید بڑھنے کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی دوران قطر کے وزیراعظم واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، جہاں آئندہ چند گھنٹوں میں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات اور بات چیت متوقع ہے۔

دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان تنازع ختم کرنے کے لیے تہران کی جانب سے پیش کیے گئے منصوبے پر ایرانی اور امریکی عہدیداروں کے درمیان اختلافات بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز میں چار تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 روز کے دوران نشانہ بنائے جانے والے جہازوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے تین جہاز اس وقت آگ کی لپیٹ میں ہیں۔

ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب سے گزرنے والا جنوبی بحری راستہ غیر قانونی ہے، جبکہ اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کو امریکا تحفظ فراہم کرتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس وقت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل کی مقدار ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

حالیہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے، تاہم وہ جنگ سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں اب بھی کافی زیادہ ہیں۔