بھارت کیخلاف میچ سے قبل پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کی دبئی میں اہم بیٹھک ہوئی ہے، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بابراعظم ہی پاکستان کی اننگز کا آغاز کریں گے۔
ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے فخر زمان کی جگہ ٹیم میں امام الحق کو موقع فراہم کیا جائے گا۔
فہیم اشرف کو ٹیم میں کھلانے کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹاس سے قبل کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم تین فاسٹ بائولرز اور ایک سپنر کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
ممکنہ گیارہ رکنی ٹیم میں بابراعظم، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان ، آغا سلمان شامل ہوں گے۔
طیب طاہر، خوشدل شاہ ، ابراراحمد، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث روف بھی گیارہ رکنی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ایک روزہ میچ یکم اکتوبر 1978 کو کھیلا گیا۔ اس میچ سے قبل کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی پہلی سیریز کھیلی گئی۔
اس سیریز کا پہلا میچ کوئٹہ میں کھیلا گیا تھا۔ یہ میچ بھارت کے معروف کھلاڑی کپل دیو کا بھی پہلا میچ تھا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ مہندر امرناتھ 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔
جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز پر اعتماد تھا اور 82 رنز پر صرف ایک وکٹ کھونے کے باوجود پوری ٹیم 166 رنز پر آٹھ وکٹیں گوا بیٹھی۔ پاکستان کو اس میچ میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
دونوں حریف ملک ٹی ٹوئنٹی میں پہلی بار 14 ستمبر 2007 کو جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں سامنے آئے۔
یہ گروپ میچ اس وقت ٹائی ہو گیا جب دونوں ٹیمیں مقررہ اوورز میں 141 رنز بنا سکیں۔ جس کے بعد ’بول آؤٹ‘ کے ذریعے اس میچ کے فاتح کا فیصلہ کیا جانا تھا۔