پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف 24 سے 25 فروری 2025 تک آذربائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
یہ دورہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ آذربائیجان کا دوسرا دورہ ہے جسے وہ مارچ 2024 میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، جام کمال خان، عبدالعلیم خان، چوہدری سالک حسین، عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
یہ وفد آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مختلف شعبوں میں بات چیت کرنے اور اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور موسمیاتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ اقدامات پر غور کرے گا۔
دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایک بزنس فورم سے بھی خطاب کیا جائے گا جہاں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی حکمتِ عملی پر بات کی جائے گی۔
وزیر اعظم کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین کئی اہم مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے جن سے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون کو نئی بلندیاں ملیں گی۔
پاکستان کے وزیر اعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی راہیں ہموار کرے گا اور دونوں ممالک کے عوامی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
یہ دورہ نہ صرف پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ اپنے عالمی تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے بلکہ آذربائیجان کے ساتھ مشترکہ ترقی کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا بھی مظہر ہے۔
مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی ملک میں فرعون کی طرح کام کر رہا تھا، شرجیل میمن