راولپنڈی میں بارش نے کرکٹ کے شائقین کو ایک اور بڑی مایوسی کا سامنا کرایا، جب آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان اج کھیلا جانے والا چیمپئنز ٹرافی کا میچ منسوخ کردیا گیا۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم تھا اور کھلاڑیوں کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی لیکن بدقسمتی سے موسم نے کھیل کو روک دیا۔
میچ کا ٹاس 1:30 بجے ہونا تھا اور کھیل کا آغاز 2:00 بجے متوقع تھا، مگر ہلکی بارش کی وجہ سے میدان میں نمی بڑھ گئی، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے کھیلنا ممکن نہ رہا۔
بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے سبب میچ شروع نہ ہو سکا اور آخرکار اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس غیر متوقع صورتحال نے شائقین کرکٹ کو دھچکہ پہنچایا ہے جو میچ کی شدت اور جوش کا انتظار کر رہے تھے۔
یہ میچ گروپ بی کا حصہ تھا جہاں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا دونوں ٹیموں نے 3، 3 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن پر قبضہ کر رکھا ہے۔
بارش کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔ اس فیصلے نے گروپ کی رینکنگ پر کوئی خاص اثر نہیں ڈالا، لیکن اس سے دونوں ٹیموں کے ارادے اور پلاننگ میں ممکنہ طور پر تبدیلی آسکتی ہے۔