پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن، علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے جیل میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے میچ کو دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میچ میں پاکستان کی شکست نے عمران خان کو شدید غصے میں مبتلا کر دیا اور سارا غصہ کرکٹ پر اتار دیا۔
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “آج عمران خان کو سب سے زیادہ غصہ کرکٹ پر تھا۔ پاکستان کی شکست نے ان کو بہت دکھی کر دیا ہے اور انہوں نے کرکٹ پر اپنا سارا غصہ نکال لیا۔”
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ عمران خان نے میچ ہارنے پر گہرا دکھ ظاہر کیا اور اس شکست کو پاکستان کرکٹ کے لئے ایک بڑا دھچکا قرار دیا۔
علیمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے ان سے کہا ہے کہ “میرے بارے میں صرف پارٹی کے عہدیدار بات کریں۔”
علیمہ خان کہ مطابق عمران خان نے اپنی صحت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ “لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ خبریں پھیلائی گئیں کہ میں بے ہوش ہو کر گر پڑا ہوں، حالانکہ میں بالکل ٹھیک ہوں۔” عمران خان نے اس بات پر ہنسی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ سب محض ایک افواہ ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ “عمران خان نے کرکٹ کے حوالے سے محسن نقوی سے بھی سوال کیا کہ اس کا کرکٹ کے بارے میں کیا تجربہ ہے؟”
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا یہ ماننا ہے کہ جب کرکٹ کے معاملات میں سفارشی لوگوں کو شامل کیا جائے گا تو پھر یہی صورتحال ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے بھی عمران خان کے کرکٹ کے حوالے سے غم و غصے کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ “عمران خان اس وقت کرکٹ کی صورت حال سے بے حد افسردہ ہیں، کیونکہ کرکٹ ناتجربہ کار لوگوں کے حوالے کی جا چکی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کی کرکٹ کی حیثیت متاثر ہوئی ہے۔”
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف 23 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں شکست نے قومی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔ یہ پاکستان کی مسلسل دوسری شکست تھی، اور اس نے نہ صرف پاکستانی شائقین کو مایوس کیا بلکہ عمران خان جیسے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی اور مداح کو بھی افسردہ کر دیا۔
عمران خان کی کرکٹ کے حوالے سے یہ تشویش ایک مرتبہ پھر اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ ان کے دل میں کرکٹ کے لئے جو جذبات ہیں، وہ ابھی تک زندہ ہیں اور انہوں نے کرکٹ کے مستقبل کے بارے میں اپنی فکر کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں: انڈیا کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی