سعودی عرب کے انفال گروپ نے پنجاب کے ضلع خوشاب کے قریب150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے معدنی کمپلیکس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انفال گروپ، انفال سیمنٹ اور انفال راک سالٹ پر مشتمل ایک سعودی کمپنی ہے جو سیمنٹ اور راک سالٹ کی پیداوار اور ترسیل میں مہارت رکھتی ہے۔
یہ کمپنی سعودی انفال گروپ کے نام سے ریاض، سعودی عرب میں قائم ہے اور کان کنی، پراسیسنگ، اور راک سالٹ کی تقسیم جیسے کاروبار سے وابستہ ہے۔
راک سالٹ ایک قیمتی معدنی وسیلہ ہے جو خوراک کی پروسیسنگ، زراعت اور کیمیکل صنعت سمیت مختلف شعبوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
انفال گروپ سعودی عرب کے معدنی شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، جو ملک کے ویژن 2030 کے تحت معیشت کو متنوع بنانے کی پالیسی کے تحت تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
حکومتِ پنجاب، انفال گروپ کے منصوبے کے لیے 15 مارچ 2025 تک تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی مکمل کرے گی، جیسا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی 22 جنوری 2025 کو ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا۔
اس میٹنگ میں شامل اعلیٰ سرکاری حکام نے اس نمائندے کو بتایا کہ انفال گروپ نے تمام قانونی تقاضے مکمل کر لیے ہیں اور الاٹمنٹ لیٹر اور ورک آرڈر کے اجرا پر اگلے ہفتے وزیر سطح کی کمیٹی میں حتمی فیصلہ ہوگا۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے فیصلے کے مطابق، حکومتِ پنجاب الاٹمنٹ لیٹر اور ورک آرڈر کے اجرا کے عمل کو تیز کرے گی تاکہ یہ منصوبہ 15 مارچ 2025 تک شروع ہو سکے۔حکام اس سرمایہ کاری کو پنجاب کے معدنی شعبے اور مجموعی ملکی معیشت کے لیے ایک سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔