چیمپئنز ٹرافی کے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی نہیں ہو سکا۔
میچ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے جس کے بعد پوائنٹ ٹیبل پر انڈیا اور نیوزی لینڈ کے 4-4 پوائنٹس ہیں جبکہ بنگلہ دیش اور پاکستان کا 1- 1پوائنٹ ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق ٹاس 1 بج کر 30 منٹ پر ہونا تھا جو نہیں ہوسکا کیونکہ شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
دریں اثنا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ سنچریوں کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔

انگلش بیٹر جو روٹ کی افغانستان کے خلاف 98 گیندوں پر بنائی گئی سنچری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں 11ویں سنچری تھی جوکہ چیمپئنز ٹرافی کے کسی بھی ایڈیشن میں سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔
اس سے پہلے چیمپئنز ٹرافی کے کسی ایڈیشن میں سب زیادہ 10 سنچریاں 2002 اور 2017 کے ایڈیشن میں بنی تھیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں اب تک 8 میچز کھیلیں گئے ہیں اور اس میں ول ینگ، ٹام لیتھم، توحید ہردوئی، شبمن گل، رائن ریکلٹن، بین ڈکٹ، جوش انگلس، ویرات کوہلی، راچن رویندرا، ابراہیم زادران اور جو روٹ سنچری بنا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گروپ اے میں سے انڈیا اور نیوزی لینڈ پہلے ہی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ گروپ بی میں دونوں ٹیموں کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔