پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین منعقدہ میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد محمد رضوان کی قیادت میں شاہینوں نے ایونٹ کی تاریخ کا بدترین مقام اپنے نام کر لیا ہے۔
پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا ہے، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا ہے، مگر یہ پوائنٹ میزبان ٹیم کو گروپ اے ٹیبل میں نچلے مقام پر پہنچنے سے نہیں روک سکا۔
میزبان ٹیم نے چیپمیئنز ٹرافی کی تاریخ کے بدترین اعزاز کو اپنے نام کر لیا ہے۔ محمد رضوان کی قیادت میں شاہینوں نے ایک پوائنٹ اور -1.087 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ کا اختتام کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ ایک شرم کا مقام ہے کیونکہ وہ نہ صرف دفاعی چیمپیئنز تھے، بلکہ ٹورنامنٹ کے میزبان بھی تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان ایونٹ کی تاریخ کی بدترین کارکردگی کے ساتھ دفاعی چیمپئن بن گیا ہے، جہاں اس نے آسٹریلیا کے 2013 کی چیمپیئنز ٹرافی کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جس میں آسٹریلیا نے 1 پوائنٹ اور -0.680 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ کو خیرباد کہا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی 2025 بہت شرمناک ثابت ہوئی ہے، جس میں میزبان ٹیم نے کیویز سے 60 رنز سے بڑی شکست کے بعد روایتی حریف انڈیا سے بھی منہ کی کھائی ہے۔
دوسری جانب اس سے قبل سہ فریقی سیریز میں بھی دفاعی چیمپئن پاکستان کو کیویز نے 2 میچوں میں شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں روایتی حریف انڈیا کو فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں شاہینوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کو 339 کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں پوری انڈین ٹیم 158 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔