جمعہ کے روز برطانیہ میں کئی بینکوں کی ایپس کام کرنا بند ہو گئیں، جس سے ہزاروں صارفین اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
متاثر ہونے والے بینکوں میں لائیڈز، ہیلی فیکس، بینک آف اسکاٹ لینڈ اور ٹی ایس بی شامل ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کی رپورٹ کے مطابق، صارفین نے جمعے کی صبح کو شکایات درج کرانا شروع کیں۔
سب سے زیادہ شکایات ہیلی فیکس کے صارفین کو آئیں۔ ہیلی فیکس کے صارفین نے 3600 شکایات درج کرائیں۔
اس کے علاوہ بینک آف سکاٹ لینڈکی 900 اور ٹی ایس بی کی 400 شکایات آئیں۔
لائیڈز کے 54 فیصد صارفین کو آن لائن بینکنگ، اور 18% کو لاگ ان میں مسئلہ پیش آیا۔

ٹی ایس بی کے 65 فیصد کو لاگ ان، 31% کو آن لائن بینکنگ، اور 4% کو فنڈز کی منتقلی میں مشکل ہوئی۔
ہیلی فیکس کے 95 فیصد صارفین کو موبائل بینکنگ میں مسئلہ پیش آیا جبکہ بینک آف سکاٹ لینڈ کے 51 فیصد صارفین کو آن لائن بینکنگ، 33% موبائل بینکنگ، اور 16% کو لاگ ان کے مسائل کا سامنا رہا۔
صارفین نے سوشل میڈیا پر غصے کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ “میں نے دو ہفتے محنت کی اور اب اپنی تنخواہ تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا”۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ “کم از کم پہلے سے بتا دیتے کہ سسٹم بند ہونے والا ہے”۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس خرابی کی اصل وجہ کیا تھی۔