یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، اس موقع پر میڈیا نمائندوں کے سامنے یوکرینی صدر کی امریکی صدر اور نائب سے تکرار ہوتی رہی جس کی ویڈیو کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔
ملاقات کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے صدر زیلنسکی سے کہا کہ آپ کا ملک جنگ نہیں جیت رہا، آپ ہماری وجہ سے اس جنگ سے صحیح سلامت نکل سکتے ہیں۔ اگر آپ کی فوج کے پاس ہمارا دیا ہوا عسکری سازوسامان نہیں ہوتا تو یہ جنگ 2 ہفتوں میں ہی ختم ہوجاتی۔
اس دوران یوکرینی صدر متعدد مرتبہ امریکی صدر کی بات کا جواب دینے کی کوشش کرتے رہے لیکن ٹرمپ نے یوکرینی صدر کو بولنے نہیں دیا۔
امریکی صدر #Trump نے یوکرائنی صدر کو اسکی اوقات یاد دلا دی یاد رکھیں جنکا دفاع مضبوط نہیں جن کے پاس طاقتور فوج نہیں ایٹم بم نہیں یا معیشت کمزوور ہے دنیا ان سے یہ سلوک کرتی ہے pic.twitter.com/HaQWxGTJAZ
— Sadia Khalid (@SadiasOfficial) February 28, 2025
ٹرمپ نے ملاقات میں میڈیا نمائندوں کی موجودگی کے حوالے سے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ امریکی عوام کو صورتحال معلوم ہو اسی وجہ سے میں نے یہ ملاقات جاری رکھی۔
ٹرمپ نے زیلنسکی سے کہا کہ آپ کو شکر گزار ہونا چاہیے، آپ کے پاس آپشز نہیں ہیں، آپ کے لوگ مررہے ہیں، آپ کو فوجیوں کی کمی کاسامنا ہے، آپ کے پاس کوئی کارڈز نہیں ہیں لیکن ہمارے ساتھ آپ کے پاس کچھ کارڈز ہیں۔
ٹرمپ نے زیلنسکی سے کہا کہ آپ تیسری جنگ عظیم کا خطرہ مول لے رہے ہیں، آپ اس ملک [امریکا] کی توہین کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرمپ نے کابینہ سے خطاب میں کہا تھا کہ یوکرینی صدر زیلنسکی جمعے کو ایک بڑی ڈیل پر دستخط کرنے آ رہے ہیں۔یوکرین سے اپنے پیسے واپس لیں گے ،یوکرین کیلئے سکیورٹی ضمانت امریکا نہیں، یورپ دے گا۔