کینگروز کے جارحانہ بیٹر میتھیو شارٹ کا چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
آسٹریلیا کا چیمپئنز ٹرافی میں سیمی فائنل انڈیا یا نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ہفتے ہوگا ، انجری کا شکار میتھیو شارٹ چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل مس کر سکتے ہیں۔
میتھیو شارٹ افغانستان کے خلاف میچ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ کا کہنا ہے میرا نہیں خیال میتھیو شارٹ سیمی فائنل کے لیے فٹ ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ میتھیو شارٹ مشکل میں ہیں، وہ زیادہ حرکت نہیں کر سکتے تھے، میتھیو شارٹ کے فٹ ہونے کے لیے وقت کافی نہیں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میتھیو شارٹ فٹ نہ ہو سکے تو ان کی جگہ جیک فریزر میکگرک کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گروپ بی کا افغانستان اور آسٹریلیا کا اہم میچ بارش کی وجہ سے ختم کر دیا گیا تھا تاہم آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
افغانستان کے 274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا۔
دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا اور 4 پوائنٹس ہونے پر آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ 3 رنز پر گری۔
اس کے بعد ابراہیم اور صدیق اللہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم ابراہیم زادران 22رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، پھر رحمت شاہ 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے، صدیق اللہ بھی 85 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔
عظمت اللہ عمرزئی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت افغان ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 273 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔عظمت اللہ عمر زئی67 رنز بناکر نمایاں رہے، آسٹریلیا کی جانب سے بین نے 3، جانسن اور زمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کے 274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے تھے۔