April 19, 2025 10:44 pm

English / Urdu

Follw Us on:

کارگو طیارے میں پرندہ ٹکرانے سے آگ لگ گئی: امریکا میں ہنگامی لینڈنگ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

نیوارک سے انڈیاناپولس جانے والے فیڈیکس کارگو طیارے کو پرواز کے دوران ایک پرندے کے ٹکرانے کے بعد انجن میں آگ لگنے کے سبب ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق، بوئنگ 767طیارہ، جو فیڈیکس فلائٹ 3609 کے طور پر پرواز کر رہا تھا، ٹیک آف کے دوران ایک پرندے سے ٹکرا گیا، جس سے اس کے دائیں انجن کو نقصان پہنچا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں جہاز کو فضا میں آگ کے شعلوں میں لپٹا ہوا دیکھا گیا۔ خبر رساں ادارےنیویارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی کے مطابق، طیارے نے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صبح آٹھ بج کر سات منٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، اور خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، پرواز میں تین افراد سوار تھے، جو تمام محفوظ رہے۔

لائیو اے ٹی سی کی ریکارڈنگ میں پائلٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ہونے والی گفتگو کو محفوظ کیا گیا ہے، جس میں ایک پائلٹ کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے:
“ٹاور، فیڈیکس تین ہزار چھ سو نو — ہاں، پرندے کے ٹکرانے کے سبب دائیں انجن بند ہو گیا ہے، ہمیں فوری طور پر ایئرپورٹ پر واپس آنا ہوگا۔”

چند لمحوں بعد، ایک اور شخص کہتا ہے کہ انہوں نے فلائٹ تین ہزار چھ سو نو کے انجن کو دائیں بازو سے گرتے ہوئے دیکھا۔ ویڈیوز میں ہنگامی عملے کو لینڈنگ کے بعد طیارے کا فوری طور پر معائنہ کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

طیارہ فی الحال ہوائی اڈے کے رن وے پر غیر فعال ہے

نیویارک کے رہائشی مائیک بووا، جو نیوارک ایئرپورٹ کے قریب سے گزر رہے تھے، نے واقعے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور فلمایا۔ انہوں نے کہا:
“ہم نے ہوائی جہاز کو اوپر جاتے دیکھا اور جہاز تھوڑا سا لرزتا ہوا محسوس ہوا، پھر اچانک آسمان سے ایک بڑی چیز گرتی نظر آئی۔ ہم نے پہلے سوچا کہ یہ کوئی مسافر طیارہ ہے، جس میں لوگ سوار ہیں، اور ہم سب پریشان ہو گئے۔”

ہوابازی کے ماہر جان کاکس کے مطابق، بوئنگ 767 طیارے کو ایک انجن پر اڑنے کے قابل بنایا گیا ہے، اور اس طرح کی ہنگامی صورتحال کے لیے پائلٹس خصوصی تربیت حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے نجی خبر رساں ادارے این بی سی نیوز کو بتایا:
“یہ کسی بھی دوسرے انجن کی ناکامی جیسا معاملہ ہے، جس کے لیے پائلٹس کو تربیت دی جاتی ہے اور یہی تربیت محفوظ لینڈنگ کو ممکن بناتی ہے۔”

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ طیارہ فی الحال ہوائی اڈے کے رن وے پر غیر فعال ہے اور تفتیش کار اس کے انجن میں ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

یہ اس ہفتے ہوا بازی میں پیش آنے والا پہلا بڑا واقعہ نہیں ہے۔ حالیہ دنوں میں کئی دیگر پروازوں کو بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جن میں ڈیلٹا ایئرلائن کی ایک پرواز کا “ممکنہ دھویں” کی اطلاع کے بعد واپس آنا اور امریکن ایئرلائن کی نئی دہلی جانے والی ایک پرواز کا بم کی دھمکی کے بعد روم کی طرف موڑ دینا شامل ہے۔

ہوا بازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ایسے واقعات بعض مسافروں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں، لیکن ہوائی سفر اب بھی دنیا کا محفوظ ترین سفری ذریعہ ہے۔

 

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس