آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اسٹیج کے آخری میچ میں انڈین ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کر لی ہے۔
یہ میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئیں۔ انڈیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے اور کیویز کو 250 کا ہدف دیا، جواب میں پوری کیوی ٹیم 205 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں انڈیا نے یہ میچ 44 رنز سے جیت لیا۔
کیویز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے انڈیا کو بلے بازی کی دعوت دی۔ انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبھمن گل بلے بازی کے لیے کریز پر آئے، مگر زیادہ دیر ٹہر نہ سکے۔
کیوی گیند بازوں نے ایک کے پیچھے ایک کو چلتا کیا اور انڈیا کی پہلی 3 وکٹیں محض 30 رنز پر گر گئیں۔ انڈین بلے باز شریاس ایئر نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور ایک مناسب اسکور کھڑا کرنے میں مدد دی۔

انڈین ٹیم کی جانب سے شریاس ائیر نے 79 کی شاندار باری کھیلی، اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے 45 جب کہ اکشر پٹیل نے 42 رنز بنائے۔
کیوی گیند بازوں کی جانب سے اچھی گیند بازی کا مظاہرہ کیا گیا، میٹ ہنری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 انڈین بلے بازوں کی ڈریسنگ روم کی راہ دکھائی، جب کہ رویندرا، سینٹنر، جمی سین اور ول اوورک نے1،1،1، کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
250رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری کیوی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ انڈین گیند بازوں کے سامنے پوری کیوی ٹیم بے بس نظر آئی اور ایک بعد ایک ایسے کرتے کرتے پوری ٹیم 45.3 اوورز میں 205 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ انڈین گیند بازوں نے کیوی بیٹرز کو ہلنے نہ دیا اور لگام لگائے رکھی۔
کیویز کی جانب سے ول ینگ اور رچن رویندرا اوپننگ کے لیے آئے مگر زیادہ دیر ٹہر نہ سکے۔ کیویز کی جانب سے سابق کپتان کین ویلیم سن نے شاندار باری کھیلتے ہوئے 81 رنز بنائے، مگر ٹیم کو جتا نہ سکے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کیوی بلے باز 30 رنز سے زیادہ نہ بنا سکا۔
انڈین بولرز کی جانب سے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، انڈین گیند باز ورون چکرورتی نے 5 اور کلدیپ یادو نے 2 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی، ہاردک پانڈیا، ایکشر پٹیل اور جدیجہ نے 1،1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ آج چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ سٹیج کا آخری میچ کھیلا گیا، جس میں فیصلہ ہونا تھا کہ آیا کونسی ٹیم انڈیا کے ساتھ دبئی میں سیمی فائنل کھیلے گی۔ آسٹریلیا اور انڈیا کے مابین 4 مارچ کو دبئی میں فائنل کے لیے ٹاکرا ہوگا۔
دوسری جانب کیویز اور پروٹیز کے درمیان فائنل میں دوسرے امیدوار کے لیے 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جنگ لڑی جائے گی، جب کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔