اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے سابق سکیورٹی افسر کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محمد آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سابق سکیورٹی افسر کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی جس دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق پٹیشنر کا نام پی سی ایل، ای سی ایل میں ایکٹو ہے، متعدد ایف آئی آرز کی وجہ سے 24 اگست 2023 کو نام سفری پابندیوں کی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی۔
عدالت نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت 18 اپریل 2024 کو درخواست گزار کی ضمانت منظور کر چکی ہے۔
جسٹس محمد آصف نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت کی منظوری سے سفری پابندیوں کی فہرست میں نام شامل کیا گیا، نام شامل کر کے آئین میں درج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی۔
سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمر سلطان کا نام پی سی ایل میں شامل کرنا بلاجواز اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فریقین کو بانی پی ٹی آئی کے سابق سیکورٹی افسر کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا۔