پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا، ساتھ ہی ٹیم کی قیادت میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کے بعد فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، بلے باز سعود شکیل سمیت 6 کھلاڑیوں کو ڈراپ کر دیا گیا، جبکہ شاداب خان کی بطور نائب کپتان ٹی20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کیا ، جس کے مطابق محمد رضوان کی جگہ سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔ ون ڈے ٹیم کی قیادت بدستور محمد رضوان کے پاس رہے گی اور سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
اسکواڈ میں مزید تبدیلیوں کے تحت محمد رضوان، بابراعظم اور نسیم شاہ کو ٹی 20 فارمیٹ سے باہر کر دیا گیا،جبکہ عبداللہ شفیق، ابراراحمد، عاکف جاوید، بابراعظم کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، فہیم اشرف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد علی بھی ایک روزہ میچز کا حصہ ہوں گے۔
وسیم جونیئر، عرفان خان، نسیم شاہ ،سفیان مقیم، طیب طاہر بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، صائم ایوب ان فٹ ہونے کے باعث دورہ نیوزی لینڈ سے بھی آؤٹ ہو گئے ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ میں بھی رد و بدل کیا گئی ہے عاقب جاوید دورہ نیوزی لینڈ کے دوران عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر فرائض انجام دیں گے، جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گی، جس میں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے