Follw Us on:

بانی پی ٹی آئی کو سحری نہ دینے اور عبادت میں خلل ڈالنے کی باتیں درست نہیں، سلمان اکرم راجہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
بشریٰ بی بی نے چودھری ظہیر عباس کو قانونی معاملات کے لیے اپنا وکیل مقرر کیا ہے۔ (فوٹو: گوگل)

رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے بیرسٹر سیف کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں سحری نہ دینے اور عبادت سے روکنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینئر وکیل سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جیل میں رہنے کا فیصلہ قوم کے مفاد میں کیا ہے اور وہ اپنی جدوجہد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ قیادت پر حملے کرتے ہیں، وہ دراصل اپنی سیاسی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا معمول کا چیک اپ ہوا اور وہ بالکل صحت مند ہیں۔ جیل میں عمران خان کو سحری نہ دینے اور عبادت سے روکنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

عمران خان کی صحت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ (فوٹو: گوگل)

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کو پارٹی سے کسی قسم کی شکایت نہیں اور ان کی سیاسی رفقاء سے گزشتہ پانچ ماہ سے ملاقات نہیں ہوئی۔ تاہم، ان سے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی ہے۔

سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے چودھری ظہیر عباس کو قانونی معاملات کے لیے اپنا وکیل مقرر کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے وکالت کو اپنی سیاسی حیثیت مضبوط کرنے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔

عمران خان نے نیاز اللہ نیازی کو اپنا ترجمان مقرر کر دیا ہے، جب کہ بشریٰ بی بی نے بھی اپنے چار فوکل پرسنز نامزد کیے ہیں۔ عمران خان نے فیصل چودھری کو ہدایت دی ہے کہ تمام پٹیشنز چودھری ظہیر عباس کے حوالے کر دی جائیں۔

مزید پڑھیں: سیاست میں موروثیت: چند خاندان ہی پاکستان کے مالک کیوں ہیں؟

اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان نے اس معاملے پر بات چیت کی ہے، تاہم اس پر مکمل تفصیلات دینا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مولانا فضل الرحمان کی عزت کرتی ہے، اور عمران خان چاہتے ہیں کہ وہ اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوں۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں سحر و افطار میں کھانے کو کچھ نہیں دیا جارہا، وہ سحری کے بغیر روزہ رکھنے پر مجبور ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس