قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے شاداب خان کو شامل کرنے کی وجہ بتا دی۔
قومی ٹیم کے کوچ عاقب جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاداب خان کی انجریز کی وجہ سے پرفارمنس خراب ہوئی، ٹیم میں آل راؤنڈر کی کمی محسوس ہوئی ہے، اسی لیے شاداب کو ٹیم میں واپس شامل کیا گیا ہے۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شاداب خان کا ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کا تجربہ اچھا ہے، شاداب خان کا انداز بھی جارحانہ ہے ان کا مائنڈ سیٹ اچھا ہے، سلمان علی آغا اور شاداب خان کا یہ کمبی نیشن اچھا ہے۔
قومی ٹیم کے کوچ نے مزید کہا کہ بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کرنے کا مطلب یہ نہیں کے ان کے ناموں کے آگے کراس لگا دیا ہے، تین سال پہلے کی ٹی ٹوئنٹی اور آج کی ٹی ٹوئنٹی میں فرق ہے ۔
مزید پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان، بابراعظم، محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی سے آؤٹ
ان کا کہنا تھا کہ یہی پلان بنایا ہے کہ جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہے، بے خوف کرکٹ کے لیے نوجوانوں کو موقع دیا ہے، ٹاپ 3 میں ہمیں فائر پاور چاہیے، یہی لاجک محمد رضوان سےمتعلق ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں ٹیم کی قیادت سمیت کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گی، جس میں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔