پیپلز پارٹی گزشتہ 17 سالوں سےکراچی میں حکومت کر رہی ہے اور کراچی کے حالات خستہ ہیں ، نہ پانی کے مسائل حل ہوئے اور نہ ہی گیس کی قلت کو پورا کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نےکراچی کے پہلے ماڈل محلے کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ اور ان کی پوری ٹیم کو پہلے ماڈل محلے کی بنیاد رکھنے پر مبارکباد دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد ماڈل محلہ ہے جو اہل محلہ کے تعاون سے سجایا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری ٹیکس دیتے ہیں تو صوبے کا نظام چلتا ہے،کراچی کے شہریوں کو روزگار سے محروم کیا گیا ہے، شہری سستی اور معیاری تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں ۔جماعت اسلامی کی منتخب ٹیم امانت داری و دیانت کے ساتھ کام کررہی ہے۔مزید پڑھیں: ’عوام کو ریلیف دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں‘ حافظ نعیم الرحمان کا ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے اور اپنا حق بھی حاصل کریں گے،جماعت اسلامی اپنے پیغام کو آگے بڑھارہی ہے اور ظلم کے نظام کے خلاف تحریک چلارہی ہے،شہر کو روشن اور وطن عزیز کو حقیقی مقاصد سے جوڑنے کے لیے مزاحمت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی کامران سراج، یوسی 5 کے چیئرمین عارف منیر ، وائس چیئرمین عرفان شاہ ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف ودیگر بھی موجود تھے۔