جنوبی کوریا میں ایک فوجی مشق کے دوران ایک حادثہ پیش آیا، جس میں فضائیہ کے جیٹ طیارے سے گرنے والے بم ایک شہری علاقے میں جا گرے۔ اس واقعے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ پوچیون نامی علاقے میں پیش آیا، جو سیول سے تقریباً 40 کلومیٹر دور اور شمالی کوریا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ جنوبی کوریا کی فضائیہ کے مطابق، KF-16 جنگی طیارے سے آٹھ 225 کلوگرام ایم کے 82 بم فوجی مشقوں کے دوران ہدف سے ہٹ کر گر گئے۔
فضائیہ نے اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
مقامی رہائشیوں نے طویل عرصے سے ان فوجی تربیتی مشقوں پر اعتراض کیا تھا اور انہیں ممکنہ خطرہ قرار دیا تھا۔ حادثے کے بعد جاری کی گئی تصاویر میں ایک تباہ شدہ گھر اور ملبہ بکھرا ہوا دکھائی دیا۔

یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی کوریا اور امریکی افواج پوچیون میں اپنی پہلی مشترکہ لائیو فائر مشقیں کر رہے تھے، جو اگلے ہفتے شروع ہونے والی سالانہ فوجی مشقوں کا حصہ ہیں۔
سیول کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق، جنوبی کوریا اور امریکا پیر سے فریڈم شیلڈ نامی اپنی سالانہ فوجی مشقیں شروع کریں گے، جو 20 مارچ تک جاری رہیں گی۔
ان مشقوں کا مقصد شمالی کوریا جیسے ممکنہ خطرات کے خلاف تیاری کو بہتر بنانا ہے، اور ان میں حالیہ جنگی تنازعات سے سیکھے گئے اسباق اور روس اور شمالی کوریا تعلقات کے بدلتے ہوئے حالات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
امریکی فوج کے ترجمان ریان ڈونلڈ نے بتایا کہ یہ مشقیں عالمی سیکیورٹی رجحانات کے مطابق تیار کی گئی ہیں، تاکہ بدلتے ہوئے حالات کے مطابق بہتر تیاری کی جا سکے۔
سیول کے جے سی ایس کے ترجمان لی سنگ جون نے مزید بتایا کہ اس سال کی مشقوں میں تقریباً 70 مشترکہ تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔