Follw Us on:

’امن سے کھیلنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا‘ آرمی چیف کا جوانوں سے خطاب

مادھو لعل
مادھو لعل
Army chief

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی ریاست کی سلامتی کے لیے ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی اور دہشتگردی کے خلاف ڈھال بنی رہے گی، پاکستان کے امن سے کھیلنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔

 آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا جہاں انہیں حالیہ دہشتگرد حملے اور علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 4 مارچ کو بنوں کینٹ پر ہونے والے ناکام دہشتگرد حملے کے تناظر میں دورہ کیا۔ ان کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا۔

آرمی چیف نے سی ایم ایچ بنوں میں زخمی جوانوں کی عیادت کی اور ان کی بہادری اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے اہلخانہ سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی ریاست کی سلامتی کے لیے ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی اور دہشتگردی کے خلاف ڈھال بنی رہے گی۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حملے کے مرتکب دہشتگردوں کو بہادر جوانوں نے فوری انجام تک پہنچا دیا جبکہ اس حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں کو بھی جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔

مزید پڑھیں: ’ہوتا ہے شب و روز تماشا مرے آگے‘ رمضان ٹرانسمیشن رحمت یا زحمت؟

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ معصوم شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا خوارج کے گھناؤنے عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مقامی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے اور قومی یکجہتی وقت کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے فوجی جوانوں سے بھی خطاب کیا اور ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ خوارج اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگرد گروہ بشمول فتنہ الخوارج، دشمن کے اشارے پر کام کر رہے ہیں اور افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

آرمی چیف نے انکشاف کیا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں غیرملکی ہتھیاروں اور سازوسامان کا استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن و استحکام خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ 4 مارچ کو دہشتگردوں نے بنوں کنٹونمنٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے حملہ کرنے والے تمام 16 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں 4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔

اس شدید جھڑپ میں 5 بہادر جوان شہید ہوئے جبکہ دہشتگردوں کے خودکش دھماکوں سے کنٹونمنٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، جس کے نتیجے میں 13 معصوم شہری شہید اور 32 زخمی ہو گئے۔

آرمی چیف نے واضح کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا اور پاکستان کا امن کسی بھی صورت میں خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Author

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس