حکومت نے ڈیجیٹل پرائز بانڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے لین دین موبائل ایپ سے ہوگا۔ یہ فیصلہ معاشرتی ڈیجیٹل ضروریات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس میں بانڈز کی خریداری کے وقت استعمال شدہ بینک اکاؤنٹ یا سی ڈی این ایس کے بجٹ اکاؤنٹ میں رقم جمع کی جائے گی۔
انعامی رقم قابل ٹیکس ہوگی، لیکن اس پر زکوٰۃ لاگو نہیں ہو گی۔ ڈیجیٹل پرائز بانڈز چوری، نقصان یا ضیاع کے خطرات کو کم کرے گا اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے، شفافیت بڑھانے اور احتساب کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
ٹیکنالوجی کے اس دور میں یہ ایک نیا سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ اقدام خاص طور پر اس لیے اہم ہے کیونکہ اس میں کاغذ کی ضرورت نہیں ہے، جس سے پرنٹنگ اور لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی آتی ہے۔
مزید برآں، چونکہ یہ بانڈ خریدار کے نام پر رجسٹرڈ ہوتا ہے، اس لیے چوری، نقصان یا ضیاع کا خطرہ کم ہو جاتا ہے، اور یہ معیشت کی دستاویز سازی، شفافیت اور احتساب کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ یہ اقدام خریداری اور فروخت کے عمل کو آسان بنا کر پورے عمل کو مؤثر طریقے سے منظم کرے گا۔
وزارت خزانہ کی سمری اور سرکاری دستاویزات کے مطابق، ابتدائی طور پر 500 روپے، 1000 روپے، 5000 روپے اور 10000 روپے کے ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کیے جائیں گے، اور ان کی قیمت وزارت خزانہ وقتاً فوقتاً نوٹیفائی کرے گی۔
ایک بالغ پاکستانی شہری نیشنل سیونگز موبائل ایپ یا سی ڈی این ایس کے منظور شدہ چینل کے ذریعے خریداری کر سکتا ہے۔ ادائیگی لنک شدہ بینک اکاؤنٹ یا سی ڈی این ایس بچت اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے گی۔
ڈیجیٹل پرائز بانڈز کے انعامات موبائل ایپ کے ذریعے ریڈیم کیے جائیں گے اور ان کی رقم خریداری کے وقت استعمال شدہ بینک اکاؤنٹ یا سی ڈی این ایس بچت اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔
سرکاری دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی سہ ماہی بنیاد پر کی جائے گی، یا وزارت خزانہ کی طرف سے نوٹیفائی کی جائے گی۔
قرعہ اندازی کا شیڈول ہر کیلنڈر سال کے آغاز میں سی ڈی این ایس کے ذریعے اعلان کیا جائے گا۔ انعامی رقم لنک شدہ بینک اکاؤنٹ یا سی ڈی این ایس بچت اکاؤنٹ نمبر میں منتقل کر دی جائے گی۔
انعامات کی مقدار وزارت خزانہ کے ذریعے طے کی جائے گی۔ انعامی رقم پر ٹیکس لاگو ہوگا، مگر اس پر زکوة لاگو نہیں ہوگی۔
ڈیجیٹل پرائز بانڈ کے خریدار خریداری کے وقت کسی نامزدگی کا تعین کر سکتے ہیں، جسے بعد میں تبدیل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
اگر سرمایہ کار کا انتقال ہو جائے، تو مرحوم کے بانڈ کی اصل رقم اور انعامی رقم ان کے قانونی ورثا کو جانشینی کے سرٹیفکیٹ کے مطابق ادا کی جائے گی، اور اگر خالص رقم 500000 روپے سے کم ہو تو ادائیگی خریداری کے وقت نامزد شخص کو کی جائے گی۔