پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں انڈیا نے کیویز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل میچ آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ کیویز کی جانب سے اوپننگ کے لیے ول ینگ اور رچن روویندرا کریز پر آئے۔
کیویز کی پہلی وکٹ 57 رنز پر گر گئی، جس کے بعد سابق کپتان کین ویلیم سن بیٹنگ کرنے کے لیے کریز پر تشریف لائے، مگر قسمت ان پر مہربان نہ ہوئی اور وہ 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔
انڈین گیند بازوں نے کیوی بیٹنگ لائن اپ کو ہلا کر رکھ دیا، کیویز بیٹرز ایک کے بعد دوسرا پویلین کی جانب لوٹتا رہا۔ کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔

کیویز بلے بازوں کی جانب سے ڈیرل مچل نے 101 گیندوں پر 67، رچن روویندرا نے 37 اور گلین فلپس نے 34 رنز بنائے، جب کہ مائیکل بریسویل 40 گیندوں پر 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹ گئے۔
انڈین گیندبازوں نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی بیٹرز کو لگام لگائے رکھی، انڈین بولرز کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی نے 2،2، جب کہ رویندر جڈیجہ اور محمد شامی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب انڈین ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 49 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا کر تیسری بار عالمی چیمپیئنز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
انڈین اوپننگ بلے باز روہت شرما اور شبھمن گل نے شاندار بلےبازی کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنر شپ لگائی اور ٹیم کو استحکام بخشا، جس کے بعد شبھمن گل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان روہت شرما نے کپتانی باری کھیلتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے لگا کر سب سے زیادہ 76 رنز بنائے، جب کہ سٹار بیٹر ویراٹ کوہلی کے لیے یہ میچ ڈراؤنا خواب ثابت ہوا اور وہ محض 1 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انڈین مڈل آرڈر کی جانب سے ذمہ دارانہ بیٹنگ دیکھنے کو ملی، سریش ایئر اور اکشرپٹیل نے اچھی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو دباؤ سے نکالا۔
ایئر نے 48 اور پٹیل نے 29 رنز بنائے، جس کے بعد کے ایل راہول نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، وہ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کیویز کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر اور بریسویل نے 2، 2 جب کہ رچن رویندرا اور جیسمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی. ٹاپ اسکورر روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ انڈیا کے خلاف گروپ اسٹیج میں پانچ وکٹیں لینے والے کیوی فاسٹ بولر میٹ ہنری انجری کے باعث فائنل نہیں کھیل پائے۔
دوسری جانب انڈیا اس ایونٹ کی وہ واحد ٹیم بنی ہے جو ناقابلِ شکست رہی ہے، انڈیا نے چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل تیسری بار اپنے نام کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان اور دبئی میں مشترکہ طور پر کھیلی گئی ہے، کیونکہ انڈین ٹیم نے ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، انڈین ٹیم نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے جو کہ فائنل جیتنے کی ایک اور وجہ بھی بنی۔