پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں نمائندگی نہ ہونے کا معاملہ آئی سی سی کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق پی سی بی اختتامی تقریب میں نمائندگی نہ دینے کے معاملے کو آئی سی سی میں اٹھائے گا، پی سی بی آئی سی سی سے پوچھے گا کہ اختتامی تقریب میں سی ای او سمیر احمد سید کو کیوں نہیں بلایا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید دبئی میں موجود تھے لیکن دبئی میں موجودگی کے باوجود چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں پاکستان کو نمائندگی نہیں دی گئی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیئرمین محسن نقوی کو فائنل کی پریزینٹیشن میں جانا تھا تاہم محسن نقوی کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے فائنل میں شریک نہ ہو سکے تھے۔
آئی سی سی کی طرف سے بیان جاری کیا گیا کہ محسن نقوی ٹورنامنٹ کے میزبان بورڈ کے نامزد نمائندے تھے،ان کو تقریب میں مدعو کیا لیکن وہ شرکت نہ کر سکے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیپمیئنز ٹرافی کا فائنل کھیلا گیا، جس میں انڈیا نے جیت کر فائنل اپنے نام کیا۔