آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا گیا، کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکا۔
چیمپیئنز ٹرافی کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کیا گیا ہے، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کے کپتان منتخب ہوئے ہیں، بھارت 6 ، نیوزی لینڈ 4 اور افغانستان کے 2 کھلاڑی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں رچن روندرا ، ابراہیم زدران اور ویراٹ کوہلی کے علاوہ شریاس آئیر، کے ایل راہول اور گلین فلپس بھی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ عظمت اللہ عمرزئی، محمد شامی، میٹ ہنری، ورون چکرورتی بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں، بھارتی کھلاڑی اکشر پٹیل 12ویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں منتخب ہوئے۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں پہلا نمبر رچن رویندرا کا ہے، جنہوں نے چیمپیئنز ٹرافی میں بلے اور گیند دونوں سے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے اپنی آل راؤنڈ عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی جیتا ہے۔
رچن رویندرا نے ایونٹ میں کیویز کے لیے 62.75 کی اوسط سے 251 رنز بنائے، جس میں 2 سنچریاں بھی شامل ہیں۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں دوسرا نمبر پر افغانستان سے تعلق رکھنے والے ابراہیم زدران ہیں، جنہوں نے 72 کی اوسط کے ساتھ 216 رنز بنائے، جس میں انگلستان کے خلاف لگائے گئے شاندار 177 رنز بھی شامل ہیں۔
تیسرا نمبر انڈین سٹار بیٹر ویراٹ کوہلی کا ہے، جنہوں نے 54.5 کی اوسط کے ساتھ 218 رنز بنائے، جس میں ایک سو بھی شامل ہے۔ مزید یہ کہ ایونٹ کے دوران انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 14000 رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا۔
ٹیم کے چوتھے کھلاڑی شریاس ایئر ہیں، جنہوں نے 48.6 کی اوسط کے ساتھ 243 رنز بنائے ہیں، جس میں دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

پانچویں نمبر پر انڈین وکٹ کیپر بیٹسمین کے ایل راہول ہیں، جنہوں نے 140 کی اوسط کے ساتھ 140 رنز بنائے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 42 ہے اور وہ چار اننگز میں سے تین میں ناقابلِ شکست رہے۔
کیوی کھلاڑی گلین فلپس ٹیم میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں، جنہوں نے 59 کی اوسط کے ساتھ 177 رنز بنائے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ایونٹ میں 5 ناقابلِ شکست کیچ کیے جو ان کے علاوہ اور کوئی نہیں کر سکتا تھا۔
ساتویں کھلاڑی افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی ہیں، جنہوں نے 42 کی اوسط کے ساتھ ایونٹ میں 126 رنز بنائے اور سات وکٹیں بھی حاصل کیں، جن میں انگلستان کے خلاف ان کی 5 وکٹیں بھی شامل ہیں۔

کیوی کپتان مچل سینٹنر کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھی کپتان بنایا گیا ہے، انہوں نے 26.6 کی اوسط اور 4.80 کی اکانومی کے ساتھ نو وکٹیں حاصل کیں۔
نویں نمبر پر انڈین تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی ہیں، جنہوں نے 25.8 کی اوسط اور 5.68 کی اکانومی کے ساتھ 9 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں دسواں نمبر کیوی گیند باز میٹ ہنری کو دیا گیا ہے، جنہوں نے 16.7 کی اوسط اور 5.32 کی اکانومی کے ساتھ دس وکٹیں لیں، مگر بدقسمتی سے انجری کے سبب فائنل نہ کھیل پائے۔
گیارویں کھلاڑی انڈین اسپن گیند باز ورون چکرورتی کو دیا گیا ہے، جنہوں نے 15.1 کی اوسط اور 4.53 کی اکانومی کے ساتھ ٹورنامنٹ میں نو وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بارواں کھلاڑی بھی شامل کیا گیا ہے، جو کہ انڈین آل راؤنڈر ایکشر پٹیل ہے، جس نے 39.2 کی اوسط اور 4.35 کی اکانومی کے ساتھ ایونٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔