اسکواش کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے سابق کھلاڑی آفتاب جاوید 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں مقیم تھے۔
آفتاب جاوید کا شمار 60 کی دہائی میں پاکستان کے بہترین اسکواش کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے تین مرتبہ برٹش امیچر اسکواش چیمپئن شپ جیتی اور تین بار برٹش اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔
انہوں نے 1963 میں پہلی مرتبہ برٹش امیچر چیمپئن شپ جیتنے کے بعد، اگلے دو برس تک لگاتار یہ ٹائٹل اپنے نام کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
1966 کے برٹش اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں ان کا مقابلہ مصر کے ابو طالب سے ہوا تھا، جب کہ 1967 اور 1968 کے فائنلز میں وہ برطانیہ کے جونا برنگٹن کے مدمقابل تھے۔
واضح رہے کہ آفتاب جاوید اسکواش کے لیجنڈ قمر زمان کے چچا تھے۔ 1973 میں اپنے آخری بین الاقوامی ایونٹ اسکاٹش اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں انہوں نے اپنے بھتیجے قمر زمان کے خلاف ہی میدان سنبھالا۔
آفتاب جاوید کی رحلت پر اسکواش کے عالمی لیجنڈز جہانگیر خان، قمر زمان، مقصود احمد اور گوگی علاؤ الدین سمیت دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔
وہ اپنے سوگواران میں ایک صاحبزادے اور دو صاحبزادیاں چھوڑ گئے ہیں۔ اسکواش کی دنیا میں ان کے ناقابلِ فراموش کارنامے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔