اپریل 5, 2025 4:04 شام

English / Urdu

Follw Us on:

نئی کینالز کے فیصلے پر سندھ کو شدید خدشات، متفقہ حکمت عملی اپنانا ضروری: بلاول بھٹو

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
نئی کینالز کے فیصلے پر سندھ کو شدید خدشات، متفقہ حکمت عملی اپنانا ضروری: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نئی کینالز کے فیصلے سے سندھ میں شدید خدشات پیدا ہوئے ہیں، اس لیے اس معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر متفقہ فیصلے کیے جانے چاہئیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے پارلیمان سے تاریخی خطاب کیا، یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سویلین صدر نے آٹھویں بار پارلیمان سے خطاب کیا۔ صدر مملکت نے نفرت کے بجائے امید کا پیغام دیا، جبکہ دوسری طرف اپوزیشن کا رویہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت وفاق کے منتخب آئینی عہدیدار ہیں، انہوں نے پوری قوم کے اہم مسائل پر بات کی، خاص طور پر پانی کے معاملے پر سندھ کو درپیش خدشات کا ذکر کیا۔ نئی کینالز کے فیصلے پر سندھ کے تحفظات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اس مسئلے کا حل تمام صوبوں کے اتفاقِ رائے سے نکالنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ پانی کی تقسیم ایک انتہائی حساس مسئلہ ہے، اور ہر اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی اس معاملے کو اجاگر کر رہی ہے۔ یہ کہنا کہ پیپلز پارٹی خاموش رہی، سراسر جھوٹ ہے۔ سندھ کے عوام کے لیے پانی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اور اگر ہم دریا کے آخری حصے میں بسنے والوں کو ان کا حق نہیں دیں گے تو پھر اپنا مقدمہ کس طرح لڑیں گے؟

گزشتہ روز افطار ڈنر میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

وزیر اعظم  نے پیپلز پارٹی کو متنازعہ نہر کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرادی( فوٹو:ریڈیو پاکستان)

وزیراعظم نے چاروں صوبوں میں عوام کی امنگوں کو پورا کرنے اور وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر عام آدمی کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے فعال اور متحرک کردار ادا کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بہتر مستقبل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

اجلاس کے شرکاء نے وزیراعظم کی قیادت کو تسلیم کیا اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا جن کی وجہ سے ملک میں حالیہ معاشی استحکام آیا ہے۔ انہوں نے ان نتائج کے حصول میں وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا۔

پی پی پی کے وفد نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پارٹی قومی ترقی، معاشی استحکام اور عام شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کی تمام کوششوں میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

پیپلز پارٹی نے اتحادی شراکت داروں سے مشاورت، ان کی رائے کا احترام کرنے اور اہم فیصلوں میں انہیں شامل کرنے پر وزیر اعظم شہباز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے ملک کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے وزیر اعظم شہباز کی قیادت میں حکومت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس