Follw Us on:

صدر مملکت اور وزیرِاعظم کی جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی مذمت

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
صدر مملکت اور وزیرِاعظم کی جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی مذمت( فائل فوٹو)

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے ڈھاڈر، بولان پاس میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان میں صدرِ مملکت نے نہتے مسافروں پر حملے کو غیر انسانی اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات بلوچستان کی روایات اور اقدار کے منافی ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی بہادری پر خراجِ تحسین پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی اس بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد رمضان المبارک کے پرامن اور بابرکت مہینے میں معصوم مسافروں کو نشانہ بنا کر یہ ثابت کر رہے ہیں کہ ان کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پیشہ ورانہ مہارت اور جرات سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں اور دشوار گزار راستوں کے باوجود ان کے بلند حوصلے اور عزم قابلِ تحسین ہیں۔ وزیرِاعظم نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر اہلکار بہت جلد اس آپریشن میں کامیابی حاصل کریں گے اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔

سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر اہلکار بہت جلد اس آپریشن میں کامیابی حاصل کریں گے ( فائل فوٹو)

وزیرِاعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بدامنی و انتشار پھیلانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی کے دشمن دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور ریاست اپنی تمام تر قوت کے ساتھ امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس