Follw Us on:

بلوچ عوام کے حقیقی مسائل کو حل کیے بغیر امن قائم نہیں ہو گا، حافظ نعیم الرحمن

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، بات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کے مجموعی حالات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بلوچ عوام کے حقیقی مسائل کو حل کیے بغیر امن قائم نہیں ہو گا۔

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بولان ٹرین واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “بلوچستان ٹرین واقعہ پر پوری قوم تشویش میں ہے۔ یرغمالیوں کی باحفاظت واپسی ہونی چاہیے،جماعت اسلامی نے باربار بلوچستان میں حالات کی سنگینی کی نشاندہی کی، حکومت سے بڑے لمبے عرصے سے بلوچستان پر توجہ دینے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں لیکن حکمران طبقہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے بڑھکیں مارتا رہا”۔

ان کا کہنا تھا کہ ” جعفر ایکسپریس دہشت گردی کا واقعہ افسوس ناک ہے، بلوچ عوام کے حقیقی مسائل کو  حل کرنا ہوگا، صوبے کے عوام کی محرومیاں دور کرنا ہوں گی، بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانا ہوگا۔ بلوچستان پر قومی لائحہ عمل بنانے سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے”۔

 

حافظ نعیم الرحمان نے مزید  کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے قومی لائحہ عمل تشکیل دیا جائے، تمام اسٹیک ہولڈرز، سیاسی پارٹیوں کی مشاورت سے بلوچستان پر پالیسی تشکیل دی جائے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان میں نامعلوم مسلح افراد نے  گزشتہ روزکوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے 400 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنا یا، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اب تک 190 سے زائد یرغمالی بحفاظت بازیاب کروا لیے گئے ہیں، جب کہ آپریشن کے دوران 30 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ بولان کے علاقے پیرو کنری اور گڈلر کے درمیان پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے ٹرین پر فائرنگ کر کے اسے روک لیا۔ ریلوے حکام کے مطابق حملے میں انجن ڈرائیور ہلاک ہوگیا ہے، جب کہ شدت پسندوں نے مسافروں کو یرغمال بنا کر پہاڑی علاقے کی طرف لے جانے کی کوشش کی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس