ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کل کوئٹہ جائیں گے اور جعفر ایکپریس حملے میں شہید ہونے والوں کے جنازے میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو کوئٹہ دورے میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور اس واقعے کے تناظر میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو ٹیلی فون کرکے واقعے کی تازہ ترین صورتحال دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو سیکیورٹی آپریشن اور یرغمالیوں کی بازیابی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس گھناؤنے فعل سے شدید صدمے میں ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
شہباز شریف نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ آپریشن کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے دوران وہ بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے مزید اقدامات پر بھی غور کریں گے۔