برطانیہ کی ایک عدالت نے منگل کے روز ایک سابق فوجی کو تین خواتین کے سفاکانہ قتل اور جنسی زیادتی کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی۔
26 سالہ ‘کائل کلفرڈ’ نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ سمیت تین خواتین کو بے دردی سے قتل کیا تھا جس پر اسے بغیر کسی پیرول کے پوری زندگی جیل میں گزارنے کا حکم دیا گیا۔
یہ خوفناک واردات جولائی 2024 میں لندن کے شمال مغربی علاقے بشی میں پیش آئی جہاں کلفرڈ نے 61 سالہ کیرول ہنٹ، ان کی 25 سالہ بیٹی لوئس اور 28 سالہ بیٹی ہنا کو بے دردی سے قتل کیا۔
کیرول ہنٹ معروف بی بی سی اسپورٹس کمنٹیٹر جان ہنٹ کی اہلیہ تھیں اور یہ قتل ایک منصوبہ بندی کے تحت انجام دیا گیا تھا۔
عدالتی سماعت کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ کلفرڈ اپنی سابق گرل فرینڈ لوئس ہنٹ سے شدید ناراض تھا کیونکہ اس نے اسے چھوڑ دیا تھا۔
اسی وجہ سے انتقام کی آگ میں جلتے ہوئے اس نے کئی دنوں تک جان ہنٹ کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور واردات کی مکمل منصوبہ بندی کی۔
جج جوئل بیناتھن کے مطابق کلفرڈ نے پہلے کیرول ہنٹ کو چاقو کے وار سے قتل کیا اور پھر ایک گھنٹے تک گھر میں چھپا رہا۔
جب لوئس گھر آئی تو اس نے اسے قیدی بنا کر جنسی زیادتی کی اور پھر کراس بو سے قتل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈیا میں اسرائیلی سیاح سمیت دو خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی، ایک شخص کو قتل کردیا گیا
اس سب کے بعد جب ہنا گھر پہنچی تو اسے بھی اسی بے رحمی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
کیمرج کراؤن کورٹ میں ہونے والی سماعت میں جج جوئل بیناتھن نے کلفرڈ کو “خود ترس میں ڈوبا ہوا ایک بے رحم اور بزدل قاتل” قرار دیا ہے جو خواتین کے لیے انتہائی تحقیر آمیز خیالات رکھتا تھا۔
عدالت نے کہا کہ یہ جرم ایک سوچے سمجھے منصوبے کا نتیجہ تھا جس میں سفاکیت کی کوئی حد باقی نہیں چھوڑی گئی۔
دلچسپ بات تو یہ ہے کہ کلفرڈ نے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد اسے غیر حاضری میں سزا سنائی گئی۔
عدالت میں جان ہنٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ “میں چاہتا تھا کہ میں کائل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اپنا دکھ بیان کروں۔ جب میں سوچتا ہوں کہ وہ ہمیں دھوکہ دینے میں کیسے کامیاب ہوا تو مجھے بس اتنا کہنا ہے کہ وہ ایک بے حس سائیکوپیتھ ہے، جس نے اپنی حقیقت کو چھپا رکھا تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “میری بیٹی لوئس نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ میں امید کرتا ہوں کہ دنیا بھر کی خواتین اس کی ہمت سے سبق سیکھیں گی اور اپنی زندگی میں ایسے خطرناک افراد سے محتاط رہیں گی۔”
عدالت نے کلفرڈ کو تین بار عمر قید کی سزا سنائی جس کا مطلب ہے کہ وہ باقی زندگی جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارے گا اور اسے کبھی رہائی کا موقع نہیں ملے گا۔
یہ کیس برطانیہ میں خواتین کے تحفظ اور گھریلو تشدد کے خلاف مزید سخت قوانین کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالتا ہے تاکہ ایسے مجرموں کو پہلے ہی روکا جا سکے جو خطرناک ذہنیت رکھتے ہیں۔