وزیر اعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ میں حالیہ توسیع کے بعد، تین نئے وزرا نے ایوان صدر میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔
نجی نشریاتی ادارہ ایکسپریس نیوز کے مطابق حلف برداری کی تقریب جمعہ کو قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے ادا کی۔ حلف اٹھانے والے نئے وزراء میں سید عمران احمد شاہ، شزرا منصب علی اور ارمغان سبحانی شامل ہیں۔
سید عمران احمد شاہ کو غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کا وفاقی وزیر جبکہ ارمغان سبحانی کو وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی کا عہدہ سونپا گیا ہے۔ شیزرا منصب علی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی کے طور پر کام کریں گی۔
تقریب کے بعد ان کی تقرریوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جس کے بعد وفاقی کابینہ میں ارکان کی کل تعداد 54 ہوگئی۔ کابینہ اب 31 وفاقی وزرا، 11 وزرائے مملکت، 4 مشیر اور 8 معاونین پر مشتمل ہے۔