April 16, 2025 11:03 pm

English / Urdu

Follw Us on:

مداحوں کی تنقید حد سے بڑھی تو مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ دوں گا، سر جم ریٹکلف

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
گلیزر فیملی اب منظر سے غائب ہو چکی ہے۔ (فوٹو: بی بی سی)

مانچسٹر یونائیٹڈ کے شریک مالک سر جِم ریٹکلف نے کہا ہے کہ اگر انہیں گلیزر فیملی کی طرح مداحوں کی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا تو وہ کلب چھوڑ دیں گے۔

عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق برطانوی اخبار ‘سنڈے ٹائمز’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سر جِم ریٹکلف کا کہنا تھا کہ وہ ناپسندیدہ ہونے سے نہیں گھبراتے، لیکن اگر بدسلوکی حد سے بڑھ گئی تو وہ مزید اس صورتحال کو برداشت نہیں کریں گے۔

ریٹکلف نے گزشتہ سال £1.3 بلین میں مانچسٹر یونائیٹڈ کا 28.94 فیصد حصہ خریدا تھا، جس کے بعد ان کی کمپنی Ineos نے کلب کے فٹبال آپریشنز کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں کلب کو شدید مالی بحران کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث اخراجات میں کمی کے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ حال ہی میں کلب میں دوسری مرتبہ چھانٹی کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے مزید 200 ملازمین متاثر ہوں گے۔ اس سے قبل 250 افراد کو نوکریوں سے فارغ کیا جا چکا ہے۔

اس کے علاوہ کلب نے کچھ ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جس کا زیادہ اثر بچوں اور بزرگ افراد پر پڑے گا۔

بی بی سی کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں سر جِم ریٹکلف نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کچھ کھلاڑی نہ صرف نالائق ہیں، بلکہ انہیں ضرورت سے زیادہ ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔

منگل کے روز ریٹکلف نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے 100,000 گنجائش والے ایک نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا، جس پر £2 بلین لاگت آئے گی۔

دوسری جانب مداحوں کی ناراضگی میں اضافہ ہو رہا ہے، حالیہ احتجاج میں بینرز اٹھائے گئے، جن پر ‘ہمیں اپنا کلب واپس چاہیے’ اور ‘£1 بلین چوری ہوا’ جیسے نعرے درج تھے۔

خیال رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کا مجموعی قرض £1 بلین سے تجاوز کر چکا ہے، جس میں £300 ملین کی بقایا ٹرانسفر فیس بھی شامل ہے۔ کلب نے گزشتہ مالی سال میں £37 ملین سود کی مد میں ادا کیے۔

سر جم ریٹکلف کا کہنا تھا کہ وہ تھوڑی بہت تنقید برداشت کر سکتے ہیں، لیکن اگر مداحوں کا رویہ گلیزر فیملی جیسا ہی ہو گیا، تو پھر ان کے لیے مزید کام کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلیزر فیملی اب منظر سے غائب ہو چکی ہے اور ساری تنقید کا سامنا اب انھیں کرنا پڑ رہا ہے۔

یاد رہے کہ مداحوں نے شروع میں ریٹکلف کا خیرمقدم کیا تھا، لیکن اب ایک سال بعد حالات مختلف نظر آ رہے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس