سندھ میں گولارچی کے علاقے کھورواہ میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں خونریز جھڑپ، فائرنگ اور تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق، جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں انگارو خاصخیلی میں پیش آیا، جہاں راہیماں اور خاصخیلی برادری کے درمیان زمین کے تنازع پر تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ فریقین کے درمیان فائرنگ، لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے آزادانہ استعمال سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، جب کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر چکی ہے۔
مزید پڑھیں: نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، تین اہلکار، دوعام شہری جاں بحق
واضح رہے کہ اس سے قبل گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی کے قریب رکن سندھ اسمبلی جام مہتاب کے قافلے پر نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کیا، جس میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک گارڈ جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو کے مطابق کھینجو کے علاقے میں ایم پی اے پر حملہ ہوا، جس کے بعد اوباڑو، ڈہرکی اور کھینجو کی پولیس سمیت بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈہر کے قافلے پر فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔