صوبائی وزیرِاطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی دریائے سندھ کا ایک انچ پانی بھی کم نہیں ہونے دے گی، پانی کی تقسیم کے لیے نئے پروجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔
نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق حیدرآباد میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کی طرح سیاست نہیں کر رہی، پیپلز پارٹی نے کراچی میں بھتہ خوری اور بوری بندلاشوں کا کلچرختم کرایا، سندھ میں بھائی سے بھائی کو لڑانے کی سازشیں بند کرا دیں۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ خالد مقبول اپنے ہوش حواس میں نہیں ہیں ایم کیو ایم کے ٹکڑے ہونے کے بعد خالد مقبول ملنگ کی طرح گھومتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سندھ کے علاقے گولارچی میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق، وجہ کیا بنی؟
شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا کینال پر واضح مؤقف ہے کہ ان کو نہیں بننا چاہیے، صدرِ مملکت نے مشترکہ اجلاس میں واضح مؤقف دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت نے کہا تھا کہ دریائے سندھ پر نئی نہریں نہیں بننی چاہئیں، سندھ اسمبلی میں کنالز کے خلاف تاریخی قرارداد منظور کی گئی، پیپلزپارٹی دریائے سندھ کا ایک انچ پانی بھی کم نہیں ہونے دے گی، پانی کی تقسیم کے لیے نئے پروجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جب مشرف نے کالا باغ ڈیم کے لیے مہم چلائی تو فنکشنل لیگ نے حمایت کی، مردہ گھوڑے نہروں کے مسئلے پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، جی ڈی اے والے نہروں کے بہانے سے سیاست کرنا چاہتے ہیں۔