وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق پر الزام تراشی کر کے علی امین گنڈاپور اپنی شرمندگی اور نالائقی کو چھپانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج لمبے عرصے بعد وزیراعلیٰ گنڈاپور کو ٹی وی پر بولتے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں روزانہ دہشت گردی کی وارداتیں ہو رہی ہیں اور گنڈاپور سرکار غائب ہے۔ دہشت گردی کے واقعات ہوں تو حکومت فرنٹ سے لیڈ کرتی ہے مگر گنڈاپور صاحب تین ہفتوں سے کہاں تھے؟
اختیار ولی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے پاس نہ کوئی وژن ہے اور نہ ہی وہ مشکل حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق پر الزام تراشی کر کے گنڈاپور اپنی شرمندگی اور نالائقی چھپانا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پرویز خٹک کی طرح 1680 ارب روپے کو 80 ارب نہیں بنا سکتا، علی امین گنڈاپور
اختیار ولی خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو مشورہ ہے کہ آپ حکومت نہیں چلا سکتے تو اسمبلی توڑیں اور استعفیٰ دے دیں۔
واضح رہے کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے آج پشاور میں ہنگامی اجلاس طلب کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔