اپریل 5, 2025 8:52 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

جعفر ایکسپریس کا سفر دوبارہ شروع، اب ٹرین کی نگرانی ڈرون سے ہوگی، وزیر ریلوے کا اعلان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
ٹرینوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ (فوٹو: گوگل)

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلوے کی معروف ٹرین جعفر ایکسپریس آج سے دوبارہ اپنے آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔

یہ فیصلہ اُس حملے کے بعد لیا گیا ہے جس میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں پورے ملک میں ٹرین آپریشن معطل ہوگئے تھے۔

گزشتہ ہفتے دہشت گردوں کی طرف سے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد پاکستان ریلوے نے پنجاب اور سندھ سے بلوچستان تک تمام ٹرینوں کی آپریشن معطل کر دی تھی۔

حملہ اُس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس، جو پشاور جا رہی تھی، بلوچستان کے علاقے میں دہشت گردوں کے حملے کا شکار ہو گئی۔

اس حملے میں دہشت گردوں نے 440 مسافروں کو یرغمال بنایا، ان پر فائرنگ کی اور ان کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کی کارروائیاں، 6 دہشت گرد ہلاک، ایک پولیس اہلکار شہید

پاکستان کی بہادر فوج نے فوری طور پر کارروائی شروع کی اور دو دن تک جاری رہنے والے آپریشن میں پاک فوج نے اپنے ہمت اور حوصلے کی مثال قائم کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا جبکہ 26 یرغمالیوں کی جان چلی گئی جن میں 18 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔

تاہم، خوش قسمتی سے آخری ریسکیو آپریشن میں تمام یرغمالی زندہ بچ گئے۔ اس دوران پانچ مزید سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔

اس آپریشن کی کامیابی کے بعد وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جعفر ایکسپریس کے آپریشن کی بحالی کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ بلوچستان میں ٹرین آپریشنز کے لیے ڈرون نگرانی کا آغاز کیا جائے گا تاکہ اس خطے میں سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ حالیہ حملے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا تھا، لیکن اب اسے مکمل طور پر بحال کر لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشنز اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جارہی ہے تاکہ سیکیورٹی مزید مستحکم کی جا سکے۔

لازمی پڑھیں: ‘غیر ازدواجی تعلق سے پیدا ہونے والے بچے کی پرورش کی ذمہ داری والد پر عائد ہوگی’ لاہور ہائی کورٹ

اس حملے کے متاثرین کے اہل خانہ کے لیے وزیر ریلوے نے 5.2 ملین روپے کے مالی معاوضے کا اعلان کیا ہے اور ان کے بچوں کو وزارت ریلوے میں نوکریاں دینے کی پیشکش کی ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ حکومت ان خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

دریں اثنا، وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) نے جعفر ایکسپریس حملے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر “مذموم” مہم چلانے والے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس سانحے کے بعد پاکستان ریلوے نے اپنی سیکیورٹی حکمت عملی میں نیا موڑ لیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حملوں سے نمٹا جا سکے اور مسافروں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

جعفر ایکسپریس کا دوبارہ آغاز اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان ریلوے دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا اور عوام کے سفر کو محفوظ بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں جناح میڈیکل سینٹر پاکستان کا دوسرا جان ہاپکنز بنے گا، شہباز شریف

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس