اپریل 11, 2025 3:50 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

سابق کمشنر کی بیٹی نے نجی ائیرلائن کی ایئر ہوسٹس پر حملہ کرکے زخمی کر دیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

اسلام آباد جانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز میں منگل کے روز طاقت کے تکبر کا بدترین مظاہرہ دیکھنے میں آیا جب سابق کوئٹہ کمشنر افتخار جوگزئی کی بیٹی ‘سائمہ جوگزئی’ نے مبینہ طور پر ایک ایئر ہوسٹس پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔

ذرائع کے مطابق افتخار جوگزئی اور ان کی بیٹی سائمہ پہلے ہی کوئٹہ ایئرپورٹ پر چیک ان کے دوران ایئرلائن کے عملے سے بدتمیزی کر رہے تھے تاہم، ان کا یہ رویہ فلائٹ میں بھی جاری رہا۔

جونہی طیارہ ٹیک آف کے لیے تیار ہوا عملے نے مسافروں کو حفاظتی اقدامات کے تحت سیٹ بیلٹ باندھنے کی ہدایت کی۔ اسی پر سائمہ جوگزئی بھڑک اٹھیں اور عملے کو سخت الفاظ میں برا بھلا کہنا شروع کر دیا۔

صورتحال سنگین ہوتے دیکھ کر فلائٹ کریو نے پائلٹ کو صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد کیپٹن نے فوری طور پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کو طلب کر لیا اور سائمہ جوگزئی اور ان کے والد کو آف لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن سائمہ نے طیارہ چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

اسی دوران اشتعال میں آکر سائمہ نے ایک خاتون ایئر ہوسٹس پر حملہ کر دیا، جس سے اس کی ناک سے خون بہنے لگا اور ایک دانت بھی ٹوٹ گیا۔

حملے کے بعد ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے موقع پر پہنچ کر افتخار جوگزئی اور سائمہ جوگزئی کو حراست میں لے لیا۔

یہ واقعہ طاقت کے نشے میں دھت افراد کی بدتمیزی کی ایک اور مثال بن کر سامنے آیا ہے جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں اور مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے رویے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزید پڑھیں: صوبہ سندھ میں خسرہ کی وبا شدت اختیار کر رہی ہے: 17 بچوں کی ہلاکت

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس