April 19, 2025 10:05 am

English / Urdu

Follw Us on:

پیپلز پارٹی ترقی کے خلاف نہیں لیکن سندھ کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، میئر سکھر

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
سکھر بیراج میں پانی کی یہ قلت 25 سالہ ریکارڈ توڑ چکی ہے اور پانی نہ ہونے کے برابر ہے۔ (فوٹو: انسٹاگرام)

میئر سکھر ارسلان شیخ نے کہا ہے کہ اگر سندھ کے پانی کے حقوق پر سمجھوتہ کیا گیا تو پیپلز پارٹی عوامی عدالت اور آئینی فورمز پر جانے سے گریز نہیں کرے گی۔ پیپلز پارٹی ترقی کے خلاف نہیں لیکن سندھ کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارسلان شیخ نے ملک میں پانی کی سنگین قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بڑے ڈیمز میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہو چکی ہے، منگلا اور تربیلا ڈیم میں پانی کم ترین سطح پر ہے، جب کہ سکھر بیراج میں پانی کی 55 فیصد کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج میں پانی کی یہ قلت 25 سالہ ریکارڈ توڑ چکی ہے اور پانی نہ ہونے کے برابر ہے۔

میئر سکھر نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر پر بات کرتے ہوئےکہا کہ کے پی اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں بڑھ رہی ہیں، لیکن پاکستانی قوم اور ریاستی ادارے متحد ہیں۔

انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ارسلان شیخ نے 1991 کے پانی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کو پہلے ہی 17 فیصد کم پانی ملا ہے، جب کہ پنجاب میں مختلف نہری منصوبے بغیر کسی مناسب منظوری کے شروع کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پر کینجھر جھیل کی پانی قلت کا بھی شدید اثر پڑ رہا ہے، جس سے کراچی کو ملنے والا پانی مزید کم ہو رہا ہے۔

ارسلان شیخ نے پنجاب میں چولستان اور گریٹر تھل کینال منصوبوں پر شدید اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے سی سی آئی (کونسل آف کامن انٹرسٹ) کی منظوری کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہریں بننے سے سندھ کے پانی کا مزید نقصان ہوگا اور زراعت، آبی حیات اور لائیو اسٹاک پر تباہ کن اثرات پڑیں گے۔

مزید پڑھیں: ریاست برقرار رہے گی اور ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنی ہوگی: آصف علی زرداری

میئر سکھر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سی سی آئی کا اجلاس 90 دن کے اندر بلانے کا وعدہ کیا تھا، جو ابھی تک پورا نہیں ہوا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سندھ کے پانی کے حقوق پر سمجھوتہ کیا گیا تو پیپلز پارٹی عوامی عدالت اور آئینی فورمز پر جانے سے گریز نہیں کرے گی۔

ارسلان شیخ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ترقی کے خلاف نہیں لیکن سندھ کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے تجویز دی کہ پنجاب حکومت 50 ارب روپے نہری منصوبوں پر خرچ کرنے کے بجائے پانی کے ضیاع کو روکنے کے منصوبوں پر خرچ کرے تاکہ ملک میں پانی کے بحران کو کم کیا جا سکے۔

میئر سکھر کے مطابق پاکستان ان 14 ممالک کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے، جہاں پانی کی شدید قلت ہے اور اگر حالات ایسے ہی رہے تو چند سالوں میں پاکستان دنیا میں پانی کی قلت کا شکار تیسرے نمبر پر آ سکتا ہے، پاکستان کو پانی کی قلت کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے اور اس مسئلے کو سیاست کی نذر کرنے کے بجائے سنجیدگی سے حل کرنا ہوگا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس