تیسرے ٹی 20 میچ میں کیویز نے پاکستانی ٹیم کو 205 رنز کا ٹارگٹ دیا ، جس کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے یہ ٹارگٹ باآسانی 16 اوورز میں عبور کرلیا اور جیت حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر حسن نواز نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 45 گیندوں پر 105 رنز بنائے اس کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے نصف سینچری اسکور کی جبکہ محمد حارث 41 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے مارک چیپمین کی شاندار بیٹنگ دیکھنے کو ملی، جنہوں نے صرف 44 گیندوں پر 94 رنز کی تباہ کن اننگز کھیلی۔ پاکستانی باؤلرز میں حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، عباس آفریدی اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے تیسرے ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کےخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
آ کلینڈ میں کھیلے جا رہے اس میچ میں قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد علی اور جہانداد خان کی جگہ قومی سکواڈ میں محمد ابرار اور عباس آفرید ی کو شامل کیا گیا ہے۔
اس میچ سے قبل قومی ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشن میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا، نئے لڑکوں کا ٹیلنٹ آہستہ آہستہ ضرور سامنے آئے گا۔
عاقب جاوید کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے اگر انٹرنیشنل کرکٹ میں خود کو منوانا ہے تو کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔