امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر امریکی پشت پناہی سے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، سینکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف آج کراچی میں بھی شام 3بجے امریکی قونصلیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے نجی خبررساں ادارے انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جنگ بندی کے باوجود امریکی ایما پر اسرائیل نے غزہ میں دوبارہ حملے شروع کر دیے جو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے اس کی دنیا بھر کے مسلمان مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہماری حکومت سمیت تمام مسلم ممالک کی حکومتوں کو متحد ہو کر اس حوالے سے آواز بلند کرنا ہوگی۔‘
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ کچھ پاکستانی صحافی اسرائیل گئے ہیں تو حکومت اس حوالے سے مؤقف ظاہر کرے۔
امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ’اگر کوئی بیک ڈور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش ہوئی تو شدید مزاحمت کی جائے گی۔ آرمی چیف کو حکومت اجازت دے وہ مسلم ممالک کے سربراہان کے ساتھ اسلام آباد میں مشاورت سے اسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائیں۔‘
امیر جماعت اسلامی ضلع غربی مولانا مدثر انصاری نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے نوجوان امت مسلمہ کا فرض کفایہ ادا کرتے ہوئے امریکی قونصلیٹ کی جانب مارچ کررہے ہیں۔ ایک غزہ و فلسطین کے مسلمان بیت المقدس سے صیہونیوں کا صفایا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حماس کے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے امریکہ و اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ امریکہ خود کو کیسے سپر پاور کہتا ہے، جو بیٹھ پیچھے معصوم بچوں پر بمباری کرتے ہو۔57 اسلامی ممالک اور 80 لاکھ سے زائد اسلامی فوج بھی موجود ہیں۔ امت مسلمہ کے حکمران کے اندر غیرت موجود نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حافظ ابش صدیقی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت کے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے بھرپور شرکت کرکے ایک غزہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ اہلیان کراچی ہمیشہ سے امت مسلمہ کی ترجمانی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایک بار جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کی اور سحری کے وقت بمباری کی گئی۔ 414 فلسطینی شہید اور 500 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔ اہل غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کے جذبے بلند ہیں اور وہ استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ اسرائیل شکست کھا چکا ہے اور اب وہ صرف امریکہ کی پشت پناہی پر کررہا ہے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں بوٹ بیسن تا امریکی قونصلیٹ مارچ کیا جائے گا، کراچی کے شہری تمام اضلاع سے قافلوں اور جلوسوں کی صورت میں بوٹ بیسن پہنچیں گے۔

دوسری جانب مظاہرے میں شہری وقت سے قبل ہی پہنچنا شروع ہوگئے، مظاہرے کے شرکاء میں زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ شرکاء اسرائیلی جارحیت اور امریکی سرپرستی کے خلاف زبردست نعرے لگا رہے ہیں۔
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان امریکن قونصلیٹ کے باہر کلیدی خطاب کریں گے۔
پولیس نے مارچ کے شرکاء کو امریکن قونصلیٹ جانے سے روک دیا ہے۔ کارکنان اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، کارکنان امریکن قونصلیٹ جانے کے لیے پر عزم ہیں۔