پاکستان ریلوے نے عیدالفطر پر مسافروں کی سہولت کے لیے کرایوں میں رعایت دینے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نجی نشریاتی ادارے ہم نیوز کے مطابق پاکستان ریلوے نے عیدلفطر کے موقع پر کرایوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اس بار عیدالفطر پر کرایوں میں 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا کہ تمام میل، ایکسپریس اور انٹر سٹی ٹرینوں پر خصوصی رعایت ہوگی، کرایوں پر خصوصی رعایت صرف عیدالفطر کے تینوں روز تک ہی ہوگی۔
اس کے علاوہ 20 فیصد کرایوں میں کمی کا اطلاق ایڈوانس بکنگ پر بھی ہوگا، تاہم عید اسپیشل ٹرینوں پر نہیں ہوگا، پاکستان ریلوے نے کرایوں میں کمی کے لیے تمام بکنگ دفاتر کو ہدایت کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان ریلوے کا عید کے موقع پر پانچ اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کیا ہے، جس کے مطابق عید پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے 26 مارچ کو چلائی جائے گی، پہلی عید اسپیشل ٹرین دوپہر ایک بجے مسافروں کو لے کر روانہ ہوگی۔، جب کہ دوسری ٹرین 26 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔
تیسری عید اسپیشل ٹرین کراچی سٹی اسٹیشن سے راولپنڈی کے لیے 27 مارچ کو چلائی جائے گی، یہ اسپیشل ٹرین کراچی سٹی سے مسافروں کو لے کر رات ساڑھے آٹھ بجے روانہ ہوگی۔
چوتھی ٹرین 27 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی براستہ فیصل آباد سرگودھا جائے گی، جب کہ پانچویں عید اسپیشل ٹرین کراچی سے لاہور براستہ فیصل آباد شیخوپورہ چلائی جائے گی۔