Follw Us on:

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ گرفتار؟ صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Mahrang baloach

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا ہے کہ کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی براہ راست فائرنگ سے تین مظاہرین ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی  کے مطابق پولیس نے کوئٹہ دھرنے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی کی۔ ان کے مطابق، مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ اور تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں لیڈی پولیس کانسٹیبل اور دیگر پولیس اہلکاروں سمیت دس افراد زخمی ہوئے۔

کوئٹہ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پہلے انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی تھی، تاہم اب موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مرنے والے افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے نہ کرنے کے خلاف سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے سامنے دھرنا دیا جا رہا تھا۔ اسی دوران، قمبرانی روڈ پر بھی گرفتار بلوچ افراد کے اہل خانہ نے احتجاجی ریلی نکالی، جس کے بعد شہر میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی  کے مطابق کوئٹہ میں جاری دھرنے پر پولیس نے علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین پر دھاوا بول دیا اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، ڈاکٹر صبیحہ بلوچ سمیت کئی شرکاء کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق، پولیس نے صبح 5:30 بجے کارروائی کرتے ہوئے شہدا کے والدین اور دیگر مظاہرین کو حراست میں لے لیا، جبکہ دھرنے میں موجود دونوں لاشوں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق، گرفتاری کے بعد ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ڈاکٹر صبیحہ بلوچ کو جبراً لاپتہ کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی دیگر مظاہرین کے بارے میں بھی تاحال کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔ دھرنے میں شریک افراد کا کہنا ہے کہ شہدا کی میتیں سیکیورٹی فورسز کے قبضے میں لے لی گئی ہیں، جس پر شدید احتجاج جاری ہے۔

گرفتاریوں کے خلاف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس