اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے ہیوی ٹریفک کے لیے روٹ پلان جاری کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد میں 22 مارچ کی آدھی رات سے 23 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک ہر قسم کی بھاری گاڑیوں کا داخلہ ممنوع رہے گا۔
مزید برآں، اتوار کو صبح 6 بجے سے دوپہر 1 بجے تک سری نگر ہائی وے سیونتھ ایونیو سے کڑیانوالہ چوک تک آنے اور جانے والی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
ٹریفک پولیس نے بہارہ کہو کی طرف جانے والی گاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں جن میں سیونتھ ایونیو براستہ پاک چائنہ روڈ، راول ڈیم چوک، کشمیر چوک اور کلب روڈ شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ راستے میں تبدیلی کی وجہ سے سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک میں خلل پڑ سکتا ہے۔
پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے اور فتح جنگ موٹروے براستہ ترنول پھاٹک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی بھاری گاڑیاں چک بیلی روڈ اور چکری موٹروے کا استعمال کریں۔
مزید برآں، پشاور سے روات تک جی ٹی روڈ استعمال کرنے والے مسافروں کو ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ، اور روات استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے روات، چک بیلی روڈ، چکری اور ٹیکسلا موٹر وے کا استعمال کریں۔
اسلام آباد کے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ذیشان حیدر نے بتایا کہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے دارالحکومت کی ٹریفک پولیس کے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ سفر کے دوران کسی بھی مدد کے لیے 1915 پر آئی ٹی پی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں اور ریئل ٹائم ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے ایف ایم 92.4 پر رابطہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہآئی ٹی پی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز شہریوں کو ٹریفک کے راستوں سے حقیقی وقت میں باخبر رکھیں گے۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کا دن قرارداد پاکستان کی مناسبت سے ہر سال منایا جاتا ہے، یہ دن تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کا نشان ہے جس نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے مقصد کے حصول کے لیے ایک فریم ورک فراہم کیا۔