امیر جماعتِ اسلامی ھافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے جان بوجھ کر قوم کو تعلیم سے محروم رکھا ہوا ہے، اربوں روپے کا تعلیمی بجٹ کرپشن کی نظر ہوجاتا ہے۔
یو ایم ٹی میں افطار ڈنر میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں تبدیلی برپا کرنے کی جدوجہد سب سے عظیم کام ہے، نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں، نوجوان آگے بڑھیں اور انقلاب کی نوید بنیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی بنوقابل کے ذریعے آئی ٹی کے شعبہ میں انقلاب برپا کررہی ہے، طلبا وطالبات تربیت لے کر رضاکارانہ طور پر پروگرام کا حصہ بنیں، حکمرانوں نے جان بوجھ کر قوم کو تعلیم سے محروم رکھا ہوا ہے۔ اربوں کا تعلیمی بجٹ کرپشن کی نظر ہوجاتا ہے، جماعت اسلامی فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے آج یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں افظار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں تقریباً 7000 سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ 6000 بچے، بیوہ اور کواتین اس افطار کے مہمانِ خصوصی تھے اور ان تمام کو عیدی اور تحائف دے گئے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بچوں کے ساتھ کیک کاٹا، تحائف تقسیم کیے، شرکا نے امیر جماعت اسلامی کے ساتھ تصویریں بھی بنائیں، افطارڈنر میں میڈیا شخصیات، سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ الخدمت فاونڈیشن تین دہائیوں سے پاکستان میں فلاحی کاموں میں مصروف ہے، جس میں یتیم بچوں کی پرورش، بیوہ خواتین کی مالی مدد، بزرگ شہریوں کے لیے اولڈ ہوم، صاف پانی، طبی سہولیات، ریلیف ورک، قرضہ حسنہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ شامل ہیں۔
پاکستان کے ساتھ ساتھ الخدمت فاونڈیشن بیرون ملک بھی کام کررہی ہے اور سالانہ 26 ارب روپے سے زائد رقم ریلیف کے کاموں پر خرچ کرتی ہے، یہ ساری رقم مختلف ڈونرز کی جانب سے اس فاونڈیشن پر اعتماد کا مظہر ہے۔ فاونڈیشن اس وقت 32 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی پرورش کا ذمہ اٹھا رہی ہے۔