اپریل 5, 2025 1:00 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

’ففتھ جنریشن وارفیئر ایک چیلنج میں تبدیل ہو چکی ہے’ صدر پاکستان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
ففتھ جنریشن وارفیئر ایک چیلنج میں تبدیل ہو چکی ہے: صدر پاکستان

اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کو اس وقت بڑے سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، اور بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کے لیے ثابت قدم رہیں گے، اور ہر پاکستانی کو اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

یوم پاکستان پریڈ کی مرکزی تقریب سے خطاب میں صدر مملکت نے ایک ترقی یافتہ اور مضبوط پاکستان کی ضرورت پر زور دیا اور شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے فتنہ الخوارج اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کامیابی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدر زرداری نے ففتھ جنریشن وارفیئر کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم باہمت ہے اور ہر مشکل پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے بھارت کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہمارا سفر آسان نہیں، لیکن ناممکن بھی نہیں، اور تمام پاکستانیوں کو اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراط زر میں مسلسل کمی آئی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے عالمی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی بہتری کو تسلیم کیے جانے کا حوالہ دیا اور کہا کہ درست پالیسیوں، نیک نیتی اور قومی اتحاد کے ذریعے ہی معاشی خوشحالی حاصل کی جا سکتی ہے۔

وزیر اعظم نے مادرِ وطن کے تحفظ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو یاد رکھنا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کی اور اس دن کو غربت کے خاتمے، مساوات اور کمزور طبقات کے تحفظ کے عہد کے طور پر منانے پر زور دیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن اس عزم کا متقاضی ہے کہ ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا اور پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنایا جائے گا اور ملک میں خوشحالی کے نئے دور کا جلد آغاز ہوگا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس