ایوانِ صدر میں یومِ پاکستان کے موقع پر اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ صدرِ پاکستان نے تقریب کی صدارت کی، جب کہ اعلیٰ عسکری و سول قیادت بھی موجود تھی۔
سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ملک کے لیے شاندار خدمات کے اعتراف میں نشانِ پاکستان سے نوازا گیا، جو ان کی صاحبزادی صنم بھٹو نے وصول کیا۔
ایئر مارشل (ر) راجہ شاہد حامد مرحوم کو گراں قدر خدمات پر نشانِ امتیاز دیا گیا، جب کہ مالیاتی شعبے میں نمایاں خدمات پر سلطان علی اکبر الانا کو نشانِ خدمت عطا کیا گیا۔

ملک کی حفاظت اور عوام کی خدمت کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو ہلالِ شجاعت سے نوازا گیا، جن میں ایس پی اعجاز محمد خان شہید، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید اور ڈی ایس پی سردار حسین شامن ہیں۔
ان کے علاوہ کانسٹیبل جہانزیب شہید، کانسٹیبل اعجاز علی، ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید، سب انسپکٹر تیمور شہزاد، ایس پی محمد اعجاز خان، ایل ایچ سی محمد فاروق اور سپاہی محمد آصف شہید کو بھی ہلالِ شجاعت عطا کیا گیا۔
تعلیم کے شعبے میں شاندار خدمات پر اللہ رکھیو شہید کو ہلالِ شجاعت دیا گیا۔
سول سروس میں نمایاں کارکردگی پر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کو ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا، جنہوں نے مفادِ عامہ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
کیپٹن (ر) محمد خرم آغا اور سید علی حیدر گیلانی کو خدماتِ عامہ میں شاندار کارکردگی پر ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔

حسین داؤد کو مفادِ عامہ کے شعبے میں شاندار خدمات پر ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا، جب کہ خواجہ انور مجید کو سماجی شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔
پروفیسر داکٹر شہریار اور ڈاکٹر زریاب کو طب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ہلالِ امتیاز عطا کیے گئے، جب کہ جاوید جبار کو ادب کے شعبے میں شاندار خدمات پر ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔
تقریب کے دوران ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جب کہ ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔