اپریل 3, 2025 12:49 شام

English / Urdu

Follw Us on:

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا اعلان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
فائل فوٹو/ گوگل

پاکستان میں حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے نافذ العمل قیمتوں میں تبدیلی کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وزارتِ خزانہ کو سمری بھیجی جسے منظور کر لیا گیا۔

اوگرا کی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 3.50 روپے، ڈیزل میں 3.70 روپے، لائٹ ڈیزل میں پانچ روپے، اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں چھ روپے سے زائد اضافہ کی استدعا کی گئی۔

وزارتِ خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں تین روپے 47 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 256 روپے 13 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 61 پیسے کا اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت 260 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روسی تیل اور توانائی کی برآمدات پر سخت پابندیوں کی دھمکیوں کے بعد عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، جس کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں ایک سے دو ڈالر فی بیرل تک کا اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی منڈی  میں ایچ ایس ڈی اور پیٹرول کی اوسط قیمتوں میں معمولی اضافے کے ساتھ مٹی کے تیل کی ایکس ریفائنری قیمت میں بھی اضافہ ہوا، جبکہ  پیٹرول اور ڈیزل پر درآمدی پریمیم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

اس سے قبل ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت 252 روپے 66 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 258 روپے 34 پیسے فی لیٹر تھی، مٹی کے تیل کی سرکاری قیمت 162 روپے 95 پیسے  تھی ۔

قبل ازیں 31 دسمبر کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 56 پیسے اور دو روپے 96 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اس وقت حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر تقریباً 76 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کیا جارہاہے۔

حکومت پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر تقریباً 16 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی بھی  وصول کرتی ہے۔ اس کے علاوہ آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کی جانب سے دونوں مصنوعات پر تقریباً 17 روپے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اینڈ سیل مارجن وصول کیا جاتا ہے۔ اس کےساتھ لائٹ ڈیزل اور ہائی آکٹین بلینڈنگ اجزا پر 50 روپے فی لیٹر چارجز وصول کیے جاتے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس